اسلامی تحریک مزاحمت"حماس" کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے غزہ پر صہیونی فوج کی جارحیت کے جواب میں اسرائیل کے بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کامیاب راکٹ حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کا مرکزی کنٹرول ٹاور تباہ ہو گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر راکٹ حملے عالمی فضائی کمپنیوں کو اپنی پروازیں روکنے کی مہلت دینے کے ایک روز بعد کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل جمعرات کو القسام بریگیڈ نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو بن گوریون ہوائی اڈے پر اپنی پروازوں کی آمد و رفت روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے اللد شہر میں واقع اسرائیلی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر"ایم 75" راکٹ داغے گئے، جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کا کنٹرول ٹاور تباہ ہو گیا اور متعدد دیگر تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ خیال رہے کہ بن گوریون ہوائی اڈہ فلسطین کے
سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقے اللد میں واقع ہے۔
القسام بریگیڈ نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے جواب میں فلسطینی مجاھدین ہرگز خاموش نہیں رہیں گے بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پ راسرائیلی فوج نے حملے جاری رکھے تو مزاحمت کار مقبوضہ فلسطینیی شہروں میں موجود اسرائیل کی تمام تنصیبات پر راکٹ حملے کریں گی اور دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا جائے گا۔
ادھر شمالی غزہ میں ایک دوسرے حملے میں اسرائیلی فوج کے ایک کنٹرول ٹاور کو بھی راکٹ حملے میں اڑا دیا گیا ہے۔ القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کو دن دو بجے شمالی غزہ میں سرحد پرقائم اسرائیلی فوجی ٹاور پر راکٹ حملے کیے گئے جس میں ٹاور مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس کے علاوہ مجاھدین نے کرم ابو سالیم یہودی کالونی۔"ناح العوز"، کوسفیم فوجی چھائونی اور اشکول فوجی اڈے پربھی "القسام 107" اور ہاون راکٹوں سے حملے کیے گئے۔